بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، دشمن قوتوں کی تخریبی کارروائیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، بلوچستان کی سلامتی استحکام اور خوشحالی یقینی بنائی جائے گی۔

اس امر کا اظہار انھوں نے گزشتہ شام دورہ کوئٹہ کے موقع پر کیا ہے ۔آرمی چیف نے سانحہ مچھ کے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی  اور یقین دہانی کرائی کہ سانحہ مچھ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سدرن کمانڈر ہیڈ کوارٹرز میں سیکورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف کو بلوچستان میں سیکورٹی چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ایران اور افغانستان سرحد پر نظم و نسق میں بہتری کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا ۔ آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ سانحہ مچھ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

آرمی چیف نے گیریژن میں آفیسروں سے خطاب کیا اور بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے پیشہ وارانہ کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے کہاکہ  اہم محل وقوع کی وجہ سے بلوچستان پر ہمارے دشمنوں کی کڑی نظر ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے ۔ بلوچستان  کی ترقی اور خوشحالی  پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔ دشمن قوتوں کی تخریبی کارروائیوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ بلوچستان کی سلامتی استحکام اور خوشحالی یقینی بنائی جائے گی۔