پنجاب میں سموگ کے خاتمے کیلئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ


لاہور(صباح نیوز) پنجاب میں سموگ کے خاتمے کے لئے ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ماحول کو بہتر بنانے اور سموگ کے خاتمے کے لئے پنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے مطابق ماحولیاتی تحفظ اتھارٹی انوائرمینٹل پروٹیکشن اتھارٹی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات اور قوانین پر موثر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صدارت میں کابینہ کی سموگ سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

علاوہ ازیں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ میں سموگ مانیٹرنگ سیکٹورل سیل بنایا گیا ہے، جس میں ہر ڈیپارٹمنٹ کا نمائندہ موجود ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحول کی بہتری کے لئے وزیراعلیٰ کے ویژن پر عمل درآمد کے لیے لیگل فریم ورک کی تیاری شروع کردی گئی ۔ ہر شعبے کے لحاظ سے قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کے لئے ہنگامی اقدامات کا ایکشن پلان تیار کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کے لئے  خصوصی فورس بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے ڈیجیٹل ڈیٹا جمع کیا جائے گا جس سے پتہ چلے گا کہ کون سا شعبہ  سموگ میں کتنے اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ سموگ، زہریلے مادوں اور دھوئیں کے اخراج کے ذرائع کے خلاف کریک ڈاؤن ہوگا۔ صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق ماحولیاتی قوانین اور ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلے گا۔ گاڑیوں کے لئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیاجارہا ہے۔ زیادہ دھواں چھوڑنے اور خراب انجن والی گاڑیوں کو بند کیاجائے گا۔ خراب انجن والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ اور سرٹیفکیشن کا نظام لایا جا رہا ہے۔ زہریلے دھوئیں پر کنٹرول کے لئے  تمام صنعتوں کو ایمشن کنٹرول سسٹمز لگانے کا پابند کرنے کا نظام تیار کر لیا گیا۔