اسلام آباد ہائی کورٹ ‘ فالکنز ایکسپورٹ روکنے کے حکم میں توسیع


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے فالکنز ایکسپورٹ روکنے کے حکم میں جنوری کے دوسرے ہفتے تک توسیع کردی ۔ہائی کورٹ میں نایاب بازوں کی ایکسپورٹ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ ہائیکورٹ نے ملک بھر کے چِڑیا گھروں کی قانونی حیثیت پر بھی سوالات اٹھادئیے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ چڑیا گھر ہیں ہی غیر قانونی تو ان میں رکھنے کیلئے جانور کیسے منگوائے جا سکتے ہیں؟ جانورپنجروں میں بند رکھنے کیلئے نہیں ہیں، انسانوں کی تفریح کیلئے جانوروں کو درآمد کر کے قید میں نہیں ڈالا جا سکتا ، اس عدالت نے چڑیا گھروں سے متعلق پہلے ہی فیصلہ دے رکھا ہے ، جو بین الاقوامی سطح پر حوالہ بن چکا ، ہاورڈ لا اسکول اور نیویارک سپریم کورٹ میں عدالتی معاونین ہمارے فیصلے کا حوالہ دے رہے،

وزارت موسمیاتی تبدیلی آئندہ سماعت پر بتائے اس فیصلے کے بعد چڑیا گھروں کی قانونی حیثیت کیا ہے؟۔وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نمائندے نے جواب دیا کہ عدالتی فیصلے کے بعد چڑیا گھر موجود رہنے کی کوئی گنجائش نہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت جنوری کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔