سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے خواتین کی گرفتاری، انہیں ہراساں کرنے اور بے حرمتی کا نشانہ بنانے کی بہیمانہ کارروائیوں کا موثر نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادیں کے مطابق فوری حل کیلئے کردار ادا کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سرینگر کے علاقے رنگریٹھ میں ماں اور بیٹی کی بلا جواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی وحشیانہ کارروائی اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بزدل بھارتی فورسز اپنے قریبی عزیزوں کے بے رحمانہ قتل پر ماتم کرنے والی ماؤں بیٹیوں کو بھی نہیں بخش رہیں۔
ترجمان نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں مظالم کا نشانہ بناناانتہائی افسوسناک ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کے نعرے لگانا جموں وکشمیر کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا پیدائشی حق ہے لہذ وہ یہ عم اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ آخری بھارتی فوجی ہمارے مادر وطن سے چلا نہیں جاتا۔