اسلام آباد(صباح نیوز)نیپرانے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جنوری کے مہینے کے لئے بجلی 48پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
کے الیکٹرک کے صارفین پر بجلی کی قیمت میں اضافہ کااطلاق نہیں ہو گا۔ سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 17پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔
نیپرانے درخواست پر سماعت کے بعد ایک ماہ کے لئے بجلی 48پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ سے صارفین پر 9ارب20روڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کے مطابق ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد بجلی کی قیمت میں اضافہ 99پیسے فی یونٹ تک جاسکتا ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ کا اطلاق مارچ کے مہینے کے بلوںمیں کیا جائے گا۔