کوئٹہ (صباح نیوز) بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پورٹ روڈ پر گوادر کو حق دو تحریک کا دھرنا اتوار کو28 ویں روز بھی جاری ہے۔
تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان اتوار کو بھی دھرنے کے شرکا سے اظہار یکجہتی کے لیے آنے والے سیاسی اور سماجی رہنماں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
گو ادر کو حق دو تحریک کے مطالبات میں بلوچستان کی سمندری حدود میں ٹرالروں کے ذریعے ماہی گیری پر پابندی ایک اہم مطالبہ ہے۔
تحریک کے دیگر مطالبات میں مچھلی کے غیرقانونی شکار کے خلاف کارروائی، ایران کی سرحد پر نقل و حمل کی مانیٹرنگ فرنٹیئر کور کے بجائے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کرنے، کوسٹ گارڈ کی تحویل میں لوگوں کی گاڑیاں چھڑوانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے معاونت فراہم کرنے اور گوادر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر شراب کی دکانوں کو تاحکم ثانی بند کرنے سے متعلق ہیں