اسلام آباد میں نان کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ

اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں جاری مہنگائی کی غیر معمولی لہر کے دوران دارالحکومت اسلام آباد میں نان کی قیمت میں یکدم 10 روپے کا بڑا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد تندور مالکان صارفین سے 25 سے 30 روپے فی نان وصول کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت کے برطرف ہونے اور پی ڈی ایم کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے روٹی کی قیمت میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بعض  نان بائیوں نے بتایا کہ نان کی نئی قیمت 30 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ روٹی اسلام آباد میں بعض علاقوں میں 25 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔اس وقت ایک نان کا وزن 120 گرام سے 125 گرام ہے۔شہریوںکا کہنا  ہے کہ نان خریدنا ہماری استطاعت سے باہر ہو گیا ہے، ایک اوسط خاندان 10 نان خریدتا ہے جس پر اب ایک وقت کے کھانے کیلئے  300 روپے خرچ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، انتظامیہ کا ان تاجروں اور مِل مالکان پر کوئی کنٹرول نہیں ہے جو اپنی مرضی سے قیمتیں مقرر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے برعکس مقامی انتظامیہ کی جانب سے کوئی ٹیمیں بازاروں میں قیمتوں کو چیک کرنے کے لیے نظر نہیں آرہیں اور دکانداروں کو اپنے من مانے ریٹ مقرر کرنے کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔