ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی نے مل کر ملک لوٹا، آج عوام بدحال اور حکمران خوشحال ہیں۔راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ سید مودودی کی فکر کا نتیجہ ہے کہ آج سیکولر اور لبرل لابی اسلام کے نام کو استعمال کرتی ہے جب کہ اسلام کسی تڑکہ یا جذبات کا نام نہیں۔ اس وقت دنیا میں پچاس سے زائد اسلامی حکومتیں موجود ہیں، لیکن امت کو اس بات کا شعور ہے کہ وہ ان میں سے کسی کو اسلامی حکومت تسلیم نہیں کرتے۔ امت مسلمہ جانتی ہے کہ اسلامی حکومت کس چیز کا نام ہے،یہ کیسے ممکن ہے کہ اسلامی حکومت قائم ہو اور چور بازاری ، عورتوں کی عزتیں پامال ہوں۔ اسلامی حکومت کے ہوتے ہوئے غربت میں مسلسل اضافہ ہو اورملک کا بچہ بچہ قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا ہو۔ اسلامی حکومت میں توشہ خانہ سے مال لوٹا نہیں جاتا لہٰذا یہ قطعاً اسلامی حکومت نہیں ہے۔

وہ منصورہ لاہور میں نافع پاکستان کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔راشد نسیم نے کہا کہ ملک میں حقیقی اسلامی حکومت قائم ہو جائے تو کرپٹ اشرافیہ اور نااہل حکمران سب جیل میں ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ایسا سیکولر اور لادین حکومتوں میں ہوتا ہے کہ حکمرانوں کی جائیدادیں اور بنک بیلنس میں اضافہ ہو، یہی کھیل گزشتہ ستر برسوں سے جاری ہے ۔ سبھی حکمران جماعتوں نے قوم کے مال کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹا ہے۔ ملک کے موجودہ مسائل کی ذمہ دار یہی حکمران اشرفیہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ میں ہے۔