گوادر کی عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا ناانصافی ہے۔ امیر العظیم

لاہور(صبا ح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ گوادر کی عوام کو بنیادی حقوق سے محروم رکھنا ناانصافی ہے۔ ”گوادر کو حق دو” تحریک کے پرامن مظاہرین پر پولیس کریک ڈائون انتہائی ظلم ہے، جماعت اسلامی تشدد کی سیاست کو مسترد کرتی ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پرامن مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کریں۔ طاقت کے استعمال سے لوگوں کو دبایا نہیں جا سکتا،

ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں ملتان چونگی پر گوادر کے حقوق کے لیے ”یوم یکجہتی بلوچستان” کے تحت مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

امیر العظیم نے کہا کہ گوادر کے عوام تعلیم،صحت اور روزگار مانگتے ہیں جو ان کا بنیادی حق ہے۔ سی پیک سے جاگیرداروں، وڈیروں نے فائدہ اٹھایا، غریب عوام کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ  جماعت اسلامی سی پیک کے خلاف نہیں، ”گوادر کو حق دو تحریک” کو اگر جائز حقوق سے محروم رکھنے کی کوشش کی گئی تو یہ تحریک کراچی تا خیبر تک پھیل جائے گی۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع لاہور ضیا الدین انصاری، امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیز عابد بھی موجود تھے۔ مظاہرہ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پربلوچستان کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔