عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے کسی بھی مجسٹریٹ کی ناقص کارکردگی کو برداشت نہیں کیا جائیگا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

قصور(صباح نیوز)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ذیشان نصراللہ رانجھاکے زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں تمام ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 10378انسپکشنز کی گئیں جن میں سے 1913گراں فروشوں کو 12لاکھ 4ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا 20ایف آئی آرز کا اندراج کروایا گیا اور 137گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ۔ متعدد افسران کی غیر حاضری اور بہتر پرفارمنس نہ کرنے پرانہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ذیشان نصراللہ رانجھا نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جس کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہو کر کام کریں کسی بھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی ناقص کارکردگی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گراں فروشوں کیخلاف بلا تفریق کاروائیاں کریں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ خلاف ورزی کرنیوالے دوکانداروں کو موقع پر جرمانے اور ایف آئی آرز کا اندراج کر کے گرفتار کیا جائے تا کہ مقرر کردہ ریٹس پر تمام اشیائے خورونوش کی فروخت کو یقینی بنایا جا سکے  ۔