تمام نااہل ایک اہل کو نااہل کرانے میں لگے ہوئے ہیں،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تمام نااہل ایک اہل کو نااہل کرانے میں لگے ہوئے ہیں جس کے عزائم منفی ہیں وہ ناکام ہونگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ عمران کے فیصلوں کو عوام میں پذیرائی ملتی ہے اور پی ڈی ایم  کو رسوائی، بلاول FATFکے اجلاس سے بائیکاٹ کر گئے تھے اور وہ کہتا ہے فیٹف سے میں نے نکالا، عدالت میں کیس گورنر کے نوٹیفکیشن کا تھا، اسمبلی توڑنے اور جوڑنے کا نہیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ جب عوامی رائے عامہ کا احترام نہیں ہوتا تو جمہوریت نہیں آمریت ہوتی ہے، قانون میں خودکشی کی ناکام کوشش کی سزا معاف کردی گئی۔

سابق وزیر نے کہا کہ آئین موم کی ناک بن گیا اور ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے، تنخواہ دینے کے پیسے نہیں، ممبروں کی منڈی لگی ہے ، وزرا کی تعداد 77ہے، 22بے محکمہ ہیں، 50کروڑ تک کرپشن حلال اور چھوٹی چوری حرام ہے۔