انتشار زہرِ قاتل ہے، متحد قوم ہر میدان میں استقامت سے کھڑی رہتی ہے،لیاقت بلوچ

لاہور،اسلام آباد(صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انتشار زہرِ قاتل ہے، متحد قوم ہر میدان میں استقامت سے کھڑی رہتی ہے۔لیاقت بلوچ نے ایبٹ آباد، ساہیوال، لاہور اور اسلام آباد میں طلبہ ایکسپو اعترافِ خدمت اور حل صرف جماعتِ اسلامی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بحرانوں کے خاتمہ کے لیے اسلامی نظریاتی، اقتصادی، سیاسی، تعلیمی اور معاشرتی محاذوں کو منظم کرکے ہم ایسی قوت بنیں گے جس کا لوہا ہر شخص تسلیم کرے گا۔ نوجوان اتحاد، ایمان، تنظیم اور مثبت سرگرمیوں کو اپنا نعرہ اور بیانیہ بنائیں۔ انتشار زہرِ قاتل ہے، متحد اور منظم قوم ہر میدان میں استقامت سے کھڑی رہتی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ریاست کے نظام کو چلانے کے لئے  اکابرین نے تمام مشکلات کے باوجود قراردادِ مقاصد، جمہوریت، انتخابات، پارلیمانی نظام، آئینِ پاکستان اور اسلامی نظریاتی کونسل، وفاقی شرعی عدالت کے آئینی اداروں پر اتفاق کیا ہے۔ تمام دینی جماعتوں اور اسلام کے شیدائیوں کے لئے اکابر علماء کے 22 نکات اور تمام مسالک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے ضابطہ اخلاق مضبوط بنیاد موجود ہے لیکن ہر ہر اصول سے انحراف کرکے مقتدر طبقہ نے ملک و ملت کو ناقابلِ یقین بحرانوں سے دوچار کردیا ہے۔ نوجوان عزم و ہمت سے آگے بڑھیں ،مایوسیاں، بحران، مشکلات نوجوانوں کے بڑھتے قدموں کی رکاوٹ نہ بننے دی جائیں۔

طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کا بلند اخلاق و کردار اور اعلی تعلیم ہی اسلامی خوشحالی اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاسی فساد اور بڑھتا بحران ثابت کررہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اتحادی حکومت بحرانوں کے خاتمہ کے لئے  سنجیدہ نہیں، صرف اپنی ذاتی اور پارٹی سیاست، ہوسِ اقتدار میں ٹکرا کی حکمتِ عملی خطرناک نتائج لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں اور مقتدر طبقوں کی سیاست، انتخابات اور سِول بالادستی سے بے دخلی کے لئے بڑھک بازی، جذباتی سیاسی ہوائی فائرنگ اور الزام تراشیوں سے نہیں، قومی قیادت آئندہ عام انتخابات کے لیے اصلاحات، بااعتماد انتخابات، عوامی اعتماد کی بحالی کے لئے قومی ڈائیلاگ کرے۔ ڈائیلاگ کا دروازہ بند کرکے سیاست اور قیادت بند گلی میں جاتی ہے، یہ ہی سیاست کی ناکامی کا پیش خیمہ بنتی ہے۔