مودی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے عالمی برادری نوٹس لے۔امیر العظیم

اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ نریندرمودی مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے عالمی برادری نوٹس لے ،پاکستان کے 22کروڑ عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ،پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحران سے جماعت اسلامی ہی نکال سکتی ہے ،سید مودودی  کی فکر نے باطل نظریات کو شکست دے دی ہے اب سیاسی میدان میں پیش رفت جاری ہے انسانوں کے بنائے ہوئے سارے نظام ہائے زندگی فیل ہوچکے ہیں دنیا متبادل نظام کی تلاش میں ہے وہ نظام اسلام کی صورت میں مسلمانوں کے پاس ہے سید مودودی  نے اسلامی حکومت کے قیام اور غلبے کے لیے جو تصور دیا ہے وہی درست تصور دین ہے ،

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے 48ویں سالانہ اراکین جنرل کونسل کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر تنویر انور خان ،سابق سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد،سابق سیکرٹری جنرل محمود احمد،امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان مولانا عبدالسمیع سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،اجتماع کے موقع پر امراء اضلاع نے رپورٹس پیش کیں ،

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر العظیم نے کہاکہ سید مودودی  کی فکر کو لے کر آج پوری دنیا میں کروڑوں انسان سرگرم ہیں اللہ کی زمین پر حکومت الہیہ کا قیام ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ،سید مودودی  نے امت مسلمہ کو ایک بار پھر جگایا کہ وہ اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کرے ،اللہ کی دھرتی پر اللہ کے دئیے ہوئے نظام کا قیام ہی انسانیت کو فلاح دے سکتا ہے ،پاکستان کا قیام بھی اسی لیے عمل میں لایا گیا تھا کہ یہاں اسلامی حکومت قائم کی جائے گی ،

.انہوں نے کہاکہ پاکستان میں باری باری برسراقتدار آنے والے سب بے نقاب ہوچکے ہیں پاکستان مشکلا ت کی طرف گامزن ہے ملک وملت کو مشکلات سے نکالنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ پوری قوم یکجان اور یک زبان ہو کر اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کرے ،

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی آخری امید ہے ،جماعت اسلامی درست تصور دین عوام کے سامنے پیش کررہی ہے اسلام مکمل نظام حیات ہے یہ تصور سید مودودی  نے پیش کر کے پوری امت پر احسان کیا ہے نبی مہربان حضرت محمد ۖ نے مدینے کی مثالی ریاست قائم کر کے رہتی دنیا تک اسلامی فلاحی ریاست کا ماڈل پیش کیا ہے جماعت اسلامی آزاد خطوں کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے جماعت اسلامی کی تحریک آزادی کشمیر میں نمایاں خدمات ہیں آزادخطے کے اندر صحت تعلیم اور خدمت کے میدان میں گراں قدر عوام کی خدمت کی ہے جس کی پوری قوم معترف ہے جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لیا اور نمائندگی حاصل کی جیتنے والے امیدواران کو مبارکباد جو نہ جیت سکے وہ بھی فعال اور متحرک کردار ادا کریں

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام دعوت کے منتظر ہیں جماعت اسلامی کے کارکنان اللہ کے پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچائیں قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں سیرت مطہرہ کا مطالعہ کریں قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر عوام الناس کو بھی اس کی دعوت دیں ۔