قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالا جا سکتا ہے، راشد نسیم

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالا جا سکتا ہے۔ قوم پر مسلط کرپٹ اور لٹیرے حکمرانوں سے توقع نہیں کہ وہ کوئی بہتری لائیں گے، یہ مغرب زدہ دنیاپرستی میں مگن، دین سے بھی ناآشنا ہیں اور انھیں عوام کی فلاح و بہبود سے بھی کوئی غرض نہیں۔

جماعت اسلامی واحد ایسی جماعت ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے، عوام اسلامی انقلاب کے لیے ہمارا ساتھ دے ، یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات معاشرے میں قرآن و سنت کی روشنی پھیلائیں۔ وہ سید مودودی انسٹی ٹیوٹ میں اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔

راشد نسیم نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں میں سے کسی نے توشہ خانہ سے گھڑی چرائی تو کوئی گاڑی لے گیا۔ سندھ میں اربوں روپے کا موٹروے سکینڈل سامنے آیا۔ حکمرانوں نے احتساب کے اداروں کو ختم کیا اور یہ لوگ سرسے پائوں تک کرپشن اور لوٹ مار میں ملوث ہیں، ان کی جائدادیں اور بچے بیرون ملک ہیں، ان سے نجات حاصل کیے بغیر ملک میں ترقی و خوشحالی نہیں آئے گی۔ پاکستان ہی نہیں پوری انسانیت کی بھلائی قرآن کی تعلیمات کو اپنانے میں ہے۔