مغربی تہذیب کے اثر کو دین فطرت سے بدلا جا سکتا ہے، راشد نسیم

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ حالیہ فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران قطر نے اسلامی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے اعلیٰ مثال قائم کی اور یہ ثابت کیا کہ مغربی تہذیب کے اثر کو دین فطرت سے بدلا جا سکتا ہے۔ امت مسلمہ اور اسلامی تحریک کے لیے اس میں سبق ہے، ہمیں اپنا تشخص، روایات اور تہذیب پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر انسانیت کو کامیابی کی طرف لے کر جانا ہے، بھلے وہ کھیل کا میدان ہو یا کسی اور شعبہ زندگی ہو۔
وہ اسلامیہ سول لائنز لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ، اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبہ کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ راشد نسیم نے کہا کہ قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران ماضی کے مقابلوں کی نسبت زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں جس سے واضح ہے کہ دینی شعائر کو اپنا کر کامیابی کو سمیٹا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسلام کے پیروکاروںکو دین فطرت کو ہی اپنا اوڑھنا بچھونا بناناہو گا۔ اسی میں دنیاوی و اخروی بھلائی ہے اور انسانیت کے لیے ترقی، خوشحالی اور راہ نجات ہے۔ دنیا کا امن، سکون، عورت کی عزت، انسانیت کا وقار، ترقی و خوشحالی کا منبع اسلام کی تعلیمات سے ہی پھوٹتا ہے۔