لیاقت بلوچ کی سربراہی میں جماعت کاپانچ رکنی مرکزی قیادت کا وفد کل سے خیبرپختونخوا کا دورہ شروع کرے گا

لاہور(صبا ح نیوز)نائب امیر جماعت لیاقت بلوچ کی سربراہی میں پانچ رکنی مرکزی قیادت کا وفد کل سے خیبرپختونخوا کے سات اضلاع کے دورے کا آغاز کر رہا ہے جس کے دوران آئندہ الیکشن کے لیے سیاسی و انتخابی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ تنظیمی امور اور منظم اور مربوط رابطوں کے طریقہ کار پر گفتگو اور لائحہ عمل بھی مرتب ہو گا۔

نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل، بلال قدرت بٹ اور ناظم سوشل میڈیا شمس الدین امجد پر مشتمل وفد جمعہ کو ایبٹ آباد، پشاور جب کہ ہفتہ کو مردان اور دیرپائن کا دورہ کرے گا۔

امیر خیبرپختونخوا پروفیسر محمدابراہیم، صوبائی قیادت، امرائے اضلاع، امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی، ناظم انتخابی امور، حلقہ خواتین، جے آئی یوتھ، اسلامی جمعیت طلبہ، جمعیت طلبہ عربیہ، کسان بورڈ اور نیشنل لیبر فیڈریشن کے ذمہ داران بھی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کی ہدایت پر تشکیل دیے گئے وفد کا خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کا یہ تیسرے مرحلے کا دورہ ہے۔ وفد نے قبل ازیں پہلے دو مرحلوں میں پنجاب شمالی، وسطی اور جنوبی کے دس ڈویژنل ہیڈکوارٹرز، اضلاع اور صوبہ سندھ کے اضلاع کا دورہ مکمل کیا۔ مرکزی قیادت 17دسمبر کو کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان جائے گی۔