قوم کے پاس جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،ڈاکٹرطارق سلیم

راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ پنجاب کے حکمران بے شرمی سے کٹھ پتی ہونے کااعتراف کررہے ہیں ضمیرفروش سیاستدانوں پر عوام کیسے اعتماد کرسکتی ہے اسٹیبلشمنٹ کوگھسیٹ کرسیاست میں مداخلت کروانے اور 100بارپرویزمشرف کووری میں منتخب کروانے کے اعلان کرنے اور ہرموڑپراسٹیبلشمنٹ کے درکاطواف کرنے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں۔اب قوم کے پاس امیرجماعت اسلامی سراج الحق اور ان کی دیانتدارٹیم کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،ترازو قوم کوامیددے گا۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے امرائے زون کی تقریب حلف وتقسیم اسناد مدرسین قرآن کورس سے خطاب اوربعدازاں میڈیا سے گفنتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرامیرضلع سیدعارف شیرازی،مرکزی ناظم شعبہ تربیت مولانا احسان اللہ چوہدری،شمس الرحمن سواتی،رضوان احمد،عتیق احمدعباسی، ڈاکٹرخواجہ ظفرعلی، سیدعزیزحامد،محبوب الہی بٹ سمیت دیگرذمہ داران نے بھی اظہارخیال کیا۔امرائے زون سمیت دیگرذمہ داران وکارکنان کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔

امیرصوبہ نے اس موقع پر تربیت مدرسین کورس مکمل کرنے والے شرکا کواسناد اور تحائف دئیے۔اورنومنتخب امرائے زون ضلع راولپنڈی سے ذمہ داریوں کا حلف لیا۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ قرآن کا انقلابی پیغام صرف مسلمانوں ہی نہیں پوری انسانیت کے دلوں اورذہنوں کومسخرکرتا ہے۔نوجوانوں اور بزرگوں کی قرآن سے گہری محبت ہمارے لیے فخرکا باعث ہے جماعت اسلامی پارلیمنٹ،عدالتوں،احتساب اداروں میں قرآنی احکامات کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے۔

انھوں نے کہاکہ سود کی لعنت اور آئی ایم ایف سمیت عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی نے پاکستانی معیشت کوتبا ہ کیا۔سود سے نجات کے بغیرپاکستان کی معیشت نہیں سنبھل سکتی،جماعت اسلامی نے سود کے خلاف ایک طویل عدالتی،سیاسی اورعوامی جنگ لڑی جس کے نتیجے میں وفاقی شریعت کورٹ نے سودی نظام کے خاتمے کا روڈ میپ دیا،حکومت تاخیری حربوں کی بجائے اس فیصلے کواس کی روح کے مطابق عمل کرے ۔۔۔