لاہور(صباح نیوز)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر عدالت سے رجوع کر لیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر طلب کئے جانے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان ایماندار، باعزت شہری، ملک کی نامور شخصیت ہیں، ان کا ملکی سیاست کو نئے دھارے میں لانے میں اہم کردار ہے، عمران خان کی بڑھتی ہوئی شہرت سیاسی طاقتوں کے خلاف خطرہ بن چکی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے سائفر میسج کے معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے اور اس معاملے پر بیان قلمبند کروانے کیلئے 6 دسمبر کو طلب کیا ہے، سائفر انکوائری کو پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، اب عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے بے بنیاد انکوائری میں طلب کیا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ بھی اسی سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے، طلبی نوٹس میں کسی قانون کی پاسداری نہیں کی گئی۔عمران خان کی درخواست میں سائفر آڈیو لیک سکینڈل کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دے دیتے ہوئے کالعدم کرنے اور انکوائری روکنے کی استدعا کی گئی ۔
واضح رہے کہ سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے طلب کر رکھا ہے۔