پی ڈی ایم کا ساتھ دینا پاکستان مسلم لیگ (ق )کا اندرونی فیصلہ تھا،چوہدری سالک حسین

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور خصوصی اقدامات چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ساتھ دینا پاکستان مسلم لیگ (ق )کا اندرونی فیصلہ تھا جو کہ پنجاب اور مرکز کے پارلیمنٹری ممبران کی مشاورت کے بعد چوہدری پرویز الہی اور چودھری شجاعت حسین نے لیا تھا، جس کے تحت چودھری پرویز الہی کو پی ڈی ایم کی جانب سے وزیر اعلی کیلئے منتخب کیا جانا تھا۔

ان خیالات کااظہار چوہدری سالک حسین نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ اگر پی ڈی ایم کی طرف سے چودھری پرویز الہی کو وزیر اعلی کیلئے نامزد نہ کیا جاتا تو عمران خان کبھی بھی انکو وزیراعلیٰ کے لیے نامزد نہ کرتے۔

پی ڈی ایم کی جانب سے وزارتِ اعلیٰ کیلئے نامزدگی کے بعد عمران خان نے اپنی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس پر پارٹی کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے پی ڈی ایم کو اپنی دی ہوئی زبان پوری کرنے کا کہا۔