شراب لائسنس کیس،عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19دسمبر تک توسیع


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت نے شراب لائسنس کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19دسمبر تک توسیع کردی ۔

لاہور کی احتساب عدالت میں شراب کے لائسنس کے کیس میں عبوری ضمانت کے لئے سماعت کے موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پیش ہوئے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے سماعت کرتے ہوئے عثمان بزادر کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کر دی۔ دورانِ سماعت جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب ہے یا نہیں؟ عدالت کو آگاہ کریں۔

تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں۔جج نے کہا کہ پھر ایسے تو ہم عبوری ضمانت میں تاریخیں ڈالتے رہیں گے، واضح ہدایات لے کر آئیں کہ نیب کو اس کیس میں گرفتاری چاہیے یا نہیں۔ عدالت نے عثمان بزادر کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کر دی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے لئے آمد کے موقع پر ایک صحافی نے عثمان بزدار سے سوال کیا کہ پرویز الٰہی نے کہا کہ عثمان بزدار نے 4 سال ضائع کئے، کوئی کام نہیں کیا؟۔عثمان بزدار نے جواب دیا کہ کورٹ کے اندر کوئی سیاسی بیان نہیں دینا چاہتا۔