سیالکوٹ واقعہ میں ملوث ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن،مزید6 گرفتار


لاہور(صباح نیوز)سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو قتل کرنے کے واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جار ی ہے، پنجاب پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر مزید چھ مرکزی ملزمان کوگرفتار کرلیا۔

ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے واقعہ میں ملوث کے خلاف قانونی کاروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چھ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

آئی پنجاب پولیس راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے رشتہ داروں یا دوستوں کے پاس چھپے ہوئے تھے اور انہیں موبائل فون ڈیٹا کے ذریعہ ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث 124گرفتار افراد میں سے19ملزمان کا مرکزی کردار سامنے آیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ میںملوث مزید ملزمان کی گرفتار ی کے لئے ابھی بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔