پی ٹی آئی نے سہولت کاروں کی ملی بھگت سے جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی کیں،سعد رفیق


اسلام آبادصباح نیوز) وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی قیادتوں کو کرپٹ، نااہل اور قابل نفرت قرار دینے کی مذموم سازش (پراجیکٹ عمران)کے نتیجے میں نیازی صاحب کو جھوٹا مہاتما اور نجات دہندہ بنا کر پیش کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا  کہ پی ٹی آئی نے اپنے سہولت کاروں کی ملی بھگت سے محض اپنے اقتدار کیلئے جمہوریت کی جڑیں کھوکھلی کیں اور پاکستان کو ریورس گیئر میں ڈال دیا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل آئینی بالادستی، پارلیمنٹ، سول رول اور انصاف کی حکمرانی کے خلاف سب سے بڑی منظم اور مکروہ سازش کے سرخیل بلاشبہ عمران نیازی ہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پر کنٹرولڈ ڈیموکریسی مسلط کرنے کیلئے عمرا ن نیازی 2010سے ریاستی اداروں کی طاقتور شخصیات کا مہرہ بن کر بے شرمی سے اقتدار اور دھن سمیٹتے رہے۔