سردی بڑھنے کے ساتھ ہی گیس نایاب، عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ سردی بڑھنے کے ساتھ ہی عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ بچے بڑے سکول و دفاتر بلا ناشتہ جانے پر مجبور ہیں۔ گیس کی بندش سے صنعتیں بند اور مزدور بے روزگار ہیں مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون 158کے زیر اہتمام ونٹر پیکیج کی تقسیم کے موقع پر عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے 430روپے فی مرلہ کوڑا ٹیکس لگانے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ عوام پہلے ہی انگنت ٹیکسز ادا کرنے پرمجبور ہیں ۔ اس اقدام سے لاہور کے عوام کو 8ارب 30کروڑ کا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ عوام کے لیے آمدن کے ذرائع نا پیداور اخراجات میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی و صوبائی حکومتوںکے پاس عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں۔حکمرانوں کی جانب سے ڈنگ ٹپائواقدامات سے مدت پوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو حقیقی معنوں میںریلیف فراہم کرنے کے لیے واضح لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں نے ملک کو دیوالیہ پن کے قریب پہنچادیا ہے۔

معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے میثاق معیشت کرنا ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہاکہ  وسائل سے مالامال پاکستان حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں، کاغذی اقدامات او ر دکھاوے کے طرز عمل سے مسائلستان کا منظر پیش کررہا ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام آئے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔