اسلام آباد(صباح نیوز) اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے گلگت بلتستان کے سابق جج رانا شمیم کوحلف نامہ جمع کروانے کے حوالے سے خط لکھ دیا سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو حلف نامہ جمع کرانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کیلئے اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے سابق چیف جج گلگت رانا شمیم کو کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے خلاف بیان حلفی پاکستانی ہائی کمیشن لندن بھیج دیا جائے کسی بھی قسم کے ابہام سے بچنے کے لیے حلف نامہ کی کاپی سربمہر لفافے میں پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو بھیجی جائے،
پاکستانی ہائی کمیشن حلف نامہ وزارت خارجہ کے ذریعے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھیجے گی،اٹارنی جنرل پاکستان نے اپنا خط رانا شمیم اوران کے وکیل عبدالطیف آفریدی کو لکھا جبکہ اس خط کی کاپی وزارت خارجہ اور لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کو بھی بھجوائی گئی تاکہ دونوں ادارے اس حوالے تعاون کریں۔
یاد رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ راناشمیم کے بیان حلفی کی خبر قومی اخبار میں شائع ہوئی تھی جس پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے راناشمیم سمیت نجی اخبار کے مالک میرشکیل الرحمن، ایڈیٹر عامر غوری اور سینئرصحافی انصارعباسی کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا تھا ، رانامحمد شمیم کوعدالت نے 7دسمبرتک بیان حلفی اور تحریری جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی۔