حقیقی بااختیا رملک کی بہتری کیلئے الیکشن کروائیں،شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جوحقیقی بااختیار ہیں وہ ملک کی بہتری کے لیے الیکشن کروائیں، حکومت الیکشن سے فراری ہے اور اب مذاکرات کا ڈھونگ رچا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ جو حقیقی بااختیار ہیں وہ ملک کی بہتری کے لیے الیکشن کروائیں، عوام سے ٹکراؤ، معیشت کی تباہی اور ڈیفالٹ ہونا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میری گرفتاری کے لئے ایف آئی اے پنجاب پولیس پر دبائو ڈال رہی ہے، 31 اکتوبر کو میری قبل از گرفتاری ضمانت کی لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ریڈ زون اسلام آباد کی توسیع کا فیصلہ سیاسی ہے، تصادم کو دعوت دینا ریڈ زون کی زیرو پوائنٹ تک توسیع سپریم کورٹ کے لانگ مارچ فیصلے کی نفی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداروں نے بھی کہا پرامن لانگ مارچ کی کوئی پابندی نہیں، 4 نومبر بروز جمعہ ہم روات سے لانگ مارچ کا اسلام آباد کے لیے تاریخی استقبال کریں گے۔