کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو پھر ملتوی کرنا4کروڑ لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ،الیکشن کمیشن مکمل طور پر جانبدار ہے،محمد حسین محنتی


   کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق ایم این اے محمد حسین محنتی  نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار کروڑ لوگوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کرنے دینا ظلم، الیکشن کمیشن کی بددیانتی اور جانبداری کھل کر سامنے آگئی ہے، پیپلزپارٹی شکست کے خوف سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہونے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ۔

انہوں نے  ایک بیان میں مزید کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کو تماشہ بنا دیا گیا ہے، سیکورٹی کے نام پر ڈرامہ کیا جارہا ہے،سب سے بڑے شہر منی پاکستان کے ٹیکس پر ملک چل رہا ہے لیکن کراچی کے عوام کو نااہل،کرپٹ حکمرانوں کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا ہے،شہر کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی،کچرے کے ڈھیر،ٹرانسپورٹ کی خراب صورتحال ،بھاری بجلی کے بلوں نے عام لوگوں کا جینا دوبھر کردیا لیکن اب انہیں اپنے بنیادی حق رائے دہی استعمال کرنے سے بھی روکا جارہا ہے، سیلاب اور سیکورٹی صورتحال محض بہانہ ہے اصل میں حکمرانوں کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے جس کی وجہ سے بار بار بلدیاتی الیکشن کو الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے ملتوی کیا جا رہا ہے ۔ جماعت اسلامی سندھ الیکشن کمیشن کے نا انصافی پر مبنی اور ظالمانہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ کراچی میں 23اکتوبر کو بلدیاتی انتخابات ایک دن ہی منعقد کرکے چار کروڑ لوگوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق دیا جائے۔