پشاور(صباح نیوز) پشاور میں 100 بستروں کے الخدمت ہسپتال ڈبگری کا افتتاح کردیا گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور اور کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ہسپتال کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت کے مشن ”انسانیت کی خدمت” میں شامل ہونے پر وہ غلام علی آفریدی کے شکر گزار ہیں جنھوں نے اپنی قیمتی اراضی اس عظیم مقصد کے لئے پیش کی۔اس ہسپتال کا قیام ڈبگری میں صحت عامہ کی سستی اور معیاری سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص نے کہا کہ الخدمت ہسپتال نشتر آباد پشاور میں صوبے بھر کے مریضوں کی خدمت کے بعد اب الخدمت ڈبگری ہسپتال کا افتتاح کیا ہے۔ 100 بستروں پر مشتمل اس ہسپتال میں زچہ و بچہ، لیبر روم، لیبارٹری، جنرل او پی ڈی، نرسری یونٹ، ایمبولینس سروس اور فارمیسی کی معیاری اور سستی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ریاض خان محسود حاضرین سےخطاب میں الخدمت فاؤنڈیشن کو ہسپتال کے افتتاح پر مبارکباد دی اور کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمت انسانیت کے لئے ایک مثالی ادارہ ہے اور وہ الخدمت کی تمام فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہیں۔
تقریب میں سماجی شخصیت حاجی غلام علی آفریدی، جنرل سیکرٹری الخدمت خیبرپختونخواہ محمد شاکر صدیقی، صوبائی نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، صدر الخدمت پشاور ارباب عبدالحسیب،رکن صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس وقت الخدمت کے شعبہ صحت کے تحت 40ہسپتال، 63 میڈیکل سنٹرز،131لیبارٹریز اور کلیکشن سینٹرز،40 فارمیسیزاور 281ایمبولینسز خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔