کراچی ( صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے نامور صحافی اور سینئر ایڈیٹر جناب محمد ضیاء الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایک مشترکہ بیان میں سی پی این ای کے قائم مقام صدر کاظم خان، قائم مقام سیکریٹری جنرل عامر محمود سمیت تمام عہدیداروں اور اراکین نے سینئر صحافی محمد ضیاء الدین کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگواران کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔
سی پی این ای کے رہنماؤں نے تعزیتی بیان میں محمد ضیا الدین کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صحافتی دنیا کے درخشاں باب اور جونیئر صحافیوں کے لیے درسگاہ کی حیثیت رکھتے تھے۔ ان کی وفات سے صحافت کے میدان میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہوسکے گا اور ان کی خدامات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔