گلاسگو کانفرنس میں امین اسلم ،زرتاج گل میں لڑائی کے الزامات، ریاض فتیانہ کو شوکاز نوٹس


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی احتساب و ڈسپلن کمیٹی نے گلاسگو کانفرنس میں امین اسلم اور زرتاج گل میں لڑائی کے الزامات پر رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔پی ٹی آئی کی احتساب و ڈسپلن کمیٹی نے ریاض فتیانہ سے 4 دسمبر تک وضاحت مانگی ہے۔

شوکاز نوٹس میں کمیٹی نے سوال کیا ہے کہ آپ نومبر میں کسی این جی او کی طرف سے گلاسگو کوپ 26 میں گئے؟ آپ گلاسگو میں وفد سے اپنے استعمال کیلئے گاڑیاں مانگتے رہے۔ریاض فتیانہ سے سوال کیا گیا کہ آپ نے وفد سے کانفرنس کارڈ اور فون سِم کی بھی فرمائش کی؟ آپ کے مطالبات نہ مانے گئے توآپ نے وطن واپسی پر حکومتی وفد پر الزامات لگا دئیے۔

کمیٹی کے شوکاز کے مطابق آپ نے بطور رکن پی اے سی حکومتی وفد پر لڑائی سمیت دیگر الزامات لگائے لہذا ثبوت دیں۔

شوکاز میں کہا گیا ہے کہ آپ نے الزام لگایا کہ امین اسلم سے لڑائی کے باعث زرتاج گل وطن واپس آئیں، ان الزامات کے تحریری شواہد، کوائف اور دیگر ثبوت بھی فراہم کریں۔پی ٹی آئی احتساب و انضباطی کمیٹی نے ملک امین اسلم کی درخواست پر شوکاز نوٹس جاری کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی اور پبلک اکانٹس کمیٹی کے رکن ریاض فتیانہ نے پی اے سی کوبتایا تھا کہ برطانیہ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی ماحولیات کانفرنس کے دوران وزیر مملکت زرتاج گل اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم کے درمیان لڑائی ہوگئی تھی اور زرتاج گل کانفرنس چھوڑ کروطن واپس آ گئیں۔