وزیراعلیٰ خالد خورشید نے چیف کورٹ گلگت بلتستان میں نئے ججز کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے نئے ججز کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف کورٹ گلگت بلتستان میں تین ججز کی تقرری اور دیگر ججز کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے میں وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے نئے ججز کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کی ہے۔

وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ چیف کورٹ گلگت بلتستان میں کی گئی تقرریاں کالعدم قراردی جائیں اور نئے ججز کی تقرری کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واپس لیا جائے۔ خالد خورشید کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قانون کے مطابق نئے ججز کی تقرری وزیر اعلیٰ اور کابینہ کی مشاورت سے ہوگی۔

چیف کورٹ گلگت بلتستان کیلئے گورنر کی مشاورت سے وزیر اعظم نے تین ججز کی تقرری کی۔ درخواست میں یہ موقف بھی اپنایا گیا کہ نئے ججز لگاتے وقت وزیراعلی اور کابینہ سے مشاورت نہیں کی گئی۔ جاوید احمد، مشتاق محمد اور جہانزیب خان کی بطورجج ایک سال کیلئے تعیناتی غیر قانونی ہے۔ جسٹس عنایت الرحمان، جسٹس جوہر علی اور جسٹس راجا شکیل کی مدت ملازمت میں توسیع بھی غیر قانونی ہے۔