نوجوانوں نے جعلی حکمرانوں کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا،ڈاکٹرطارق سلیم


اسلام آباد(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ نوجوانوں نے جعلی حکمرانوں کے خلاف بغاوت کا اعلان کردیا ، کنٹینرخان کے اتحادیوں کے تیربھی ان کی طرف ہیں ،وفاقی دارلحکومت آج نوجوانو ں کے سمندرسے لبریزہے ڈگری ہولڈرپڑھے لکھے نوجوان عمران خان سے ایک کروڑنوکریوں کی ڈیمانڈکررہے ہیں جھوٹے نعرے لگانے والے قوم کو50لاکھ گھردینے کی بجائے غریب کی جھونپڑیاں مسمارکررہے ہیں ،امیرجماعت سراج الحق نے اپنے وزارتوں کے دوران خدمت کی عظیم روایات قائم کرکے بتایاکہ مدینہ جیسی اسلامی ریاست کیسی ہوتی ہے لیکن وزیراعظم نے اپنے گرد چورا اورلٹیرے جمع کرکے ثابت کیا کہ وہ دیانتدارنہیں بلکہ چالیس چوروں کے علی بابا ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے ڈی چوک اسلام آبادپر منعقدہ عظیم الشان احتجاجی یوتھ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرصوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امرائے صوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی ،حافظ تنویراحمد،محمدضیغم مغیرہ ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل رسل خان بابر،امرائے اضلاع راولپنڈی ،اسلام آباد نصراللہ رندھاوا،سیدعارف شیرازی ، صوبائی صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا سمیت نوجوانوں کے بہت بڑی تعداد اس موقع پر شریک ہوئی ۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ حکمران سکیورٹی رسک بن چکے ہیں اب ان کا اقتدارپر مزید قابض رہناعوام پر ظلم ہوگا،سراج الحق کی قیادت میں دیانتدارقیادت ہی ملک کے مسائل کوحل کرسکتے ہیں ،کرپٹ ٹولہ قومی خزانے پر قابض ہے ،علیم خان نے وزارت سے الگ ہوکردوسری بارخلع لے لی ،تحریک انصاف کے اتحادی کہتے ہیں مہنگائی کی وجہ سے عوام حکمرانوں کواینٹیں ماریں گے یہ بیانیہ حکمرانوں کے لیے نوشتہ دیوارہے ۔