لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا یوتھ مارچ اتوار کو اسلام آباد میں ہو گا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کلیدی خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔منصورہ سے جاری ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ اسلام آباد ڈی چوک کے احتجاجی دھرنے اور یوتھ مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
سراج الحق ہفتہ کی رات کو قطر سے پاکستان پہنچیں گے اور اتوار کی شام لانگ مارچ کے شرکا سے نائب امرا لیاقت بلوچ، میاں اسلم، جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل اور دیگر قائدین کے ہمراہ اظہار یکجہتی کریں گے۔
لانگ مارچ کا انعقاد جے آئی یوتھ پاکستان نے کیا ہے۔ قیصر شریف نے کہا کہ ملک بھر سے بے روزگار نوجوان یوتھ مارچ میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
نوجوانوں کا مارچ ایمبیسی روڈ سے شروع ہو کر ڈی چوک تک جائے گا۔ شرکاء مارچ وزیراعظم کو ان کا ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ یاد دلائیں گے اور حکومت سے روزگار طلب کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ یوتھ مارچ مستقبل میں نوجوانوں کی اپنے حقوق کے لیے تحریک کا سنگ میل ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مارچ پرامن اور پروقار ہو گا، حکومت اس کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش نہ کرے۔
انھوں نے کہا کہ حکمران طلبہ یونین بحال کریں اور نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے۔ پی ٹی آئی کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی یوتھ مایوس اور بددل ہو چکی ہے۔
جماعت اسلامی نوجوانوں کے دلوں میں امید کی شمعیں روشن کرے گی اور ملک کے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر بھرپور طریقہ سے لڑا جائے گا۔