نواز شریف ،مریم نواز آڈیو کو عدالت میں پیش کریں ،فواد چوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز آڈیو کو عدالت میں پیش کریں۔

آڈیو کا تجزیہ کرنا مریم نواز کا کیس سننے والے جج کا کام ہے، فیک نیوز بہت بڑا مسئلہ ہے ہم اس کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جعلی آڈیو ویڈیو اور فیک نیوز دنیا بھر کا مسئلہ ہے ان کی روک تھام کیلئے نئے قانون لانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

میڈیا تنظیموں کے ساتھ مل کر اس سلسلے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ  میں یورپی یونین کے لوگوں سے کہہ چکا ہوں ہمیں فیک نیوز کی روک تھام کیلئے اقوام متحدہ کی سطح پر اس کی رولز ریگولیشن لانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ عوام جاننا چاہتی ہے کہ شریف خاندان نے اربوں روپے کی پراپرٹی خریدنے کیلئے پیسے کہاں سے لائے۔ اگر یہ لوگ اس کا جواب نہیں دیتے تو انہیں نیب آرڈیننس کے ذریعے  سزا ہونی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مریم نواز  اور کیپٹن(ر) صفدر کیا کہتے ہیں اس کی کوئی حیثیت نہیں مریم اور صفدر اتنی اچھی فلمیں بنالیتے ہیں وہ یہی کام کریں۔فواد چوہدری نے کہاکہ  جب عدالت میں کیس ہو تو ایگزیکٹو کے اختیارات عدالت کو منتقل ہو جاتے ہیں ہمیں جوعدالت حکم دے گی ہم اس پر عمل کریںگے۔

کراچی میں بلڈنگ گرائے جانے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ عمارت گرانے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ جہاں تک میرا خیال ہے جب این او سی دے دیا تو دے دیا، غلط این او سی دیا ہے تو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔