اسلام آباد(صباح نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ہمارے صوبے میں تنخواہوں کا بل 6 ارب روپے ہے لیکن تنخواہوں کیلئے ہمیں ساڑھے 4 ارب روپے مل رہے ہیں، وفاق خیبرپختونخوا کی 60 ارب کی سبسڈی کھا گیا ہے، آخری 2 سال میں عمران خان نے خیبرپختونخوا میں 68 ارب روپے ٹرانسفر کئے۔
صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کی 60 ارب کی سبسڈی کھا گیا ہے، ان مسائل کا حل صرف الیکشن میں ہے لیکن عمران خان کے خوف سے یہ الیکشن نہیں کروا رہے ہیں، الیکشن نہ کروانے کی قیمت عوام ادا کر رہی ہے، پاکستان کی معیشت مکمل تباہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیناڈول کی فیکٹری اور قیمت کو تو حکومت سنبھال نہیں پا رہی ہے، آئی ایم ایف ڈیل کو بھی متنازع بنایا جا رہا تھا لیکن آئی ایم ایف کی ڈیل تو کامیابی سے پوری ہو گئی۔ خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ وفاق ایف بی آر کی ٹیکس کولیکشن ہمیں دیدے کیونکہ وفاق نے صرف 8 فیصد ٹیکس اکھٹا کیا ہے، گزشتہ سال 30 فیصد ٹیکس اکھٹا کیا گیا تھا جب کہ خیبرپختونخوا کی ٹیکس کولیکشن 42 فیصد ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے معیشت پر بات کی، خیبرپختونخوا اور تمام چھوٹے صوبوں کی معیشت پر اثر پڑ رہا ہے، تاریخی سیلاب میں حکومت کی نا اہلی پوری دنیا کے سامنے ہے، پاکستان کو اس وقت چیلنجز کا سامنا ہے لیکن حکومت عمران خان پر غیر قانونی مقدمات بنانے میں لگی ہوئی ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اپنے اقدامات کو اون نہیں کر رہی ہے جب کہ مفتاح اسماعیل اپنے بجٹ کو اون نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت والے ماضی میں مہنگائی مارچ پر نکلے تھے، آج ملک میں تاریخ کی بد ترین مہنگائی ہے، آئی ایم ایف کی ڈیل کے بعد ڈالر 211 سے 236 پر پہنچ گیا ہے، پیٹرول، ڈیزل اور اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، معاشی مسائل کا حل عوامی مینڈیٹ میں ہے۔
اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ حکومت خیبرپختونخوا کو ڈیفالٹ کرنا چاہتی ہے، ملک کو اس سطح پر نہ لے جا کے عوام پھر آپ کا احتساب کرے۔اسد قیصر نے کہا کہ یہ ہمارے صوبے کا حق ہمیں نہیں دے رہے، اس معاملے کو پارلیمنٹ میں کے کر جائیں گے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت ساتھ نہیں دے رہی، آئین کے مطابق جو ہمارا حق ہے وہ صوبوں کو ملنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ امپورٹڈ اور ناجائز حکومت ہے، ان ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف کو نہیں روک سکتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے پاس جائے، اور عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی رہنما پرویزخٹک کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کیا جاتا تھا کہ عمران خان نالائق ہے۔میں اب ان تجربہ کاروں سے پوچھتا ہوں کہ ملک چلانے کے لئے آپ کی کیا پالیسی ہے۔