سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن ڈیل کرتا ہے، ایف آئی اے کا دائرہ اختیار نہیں، اسد قیصر


پشاور (صباح نیوز)سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن ڈیل کرتا ہے، ایف آئی اے کا دائرہ اختیار نہیں۔

ایف آئی اے دفتر میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ سیاسی دبائو ڈالا جا رہا ہے، کسی انکوائری سے نہیں ڈر رہے، سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن ڈیل کرتا ہے، ایف آئی اے کا دائرہ اختیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوالنامہ دیا گیا ہے، سولہ سترہ سوالات ہیں، لیگل ٹیم سے مشورہ کر کے جواب دوں گا، پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی اس وجہ سے نہیں آ رہا تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کا ہر دن جلسہ پہلے سے بڑا ہوتا ہے، کل کے جلسے کا بلیک آئوٹ کیا گیا، انہوں نے مارشل لا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،یہ سیاسی انتقام ہے، ہم اداروں کاا حترام کرتے ہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہاکہ ن لیگ اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، اکاؤنٹ فعال ہیں، ہم نے شفاف طریقے سے پارٹی اخراجات چلائے، ایک اکاؤنٹ میں21 لاکھ اور دوسرے میں 7 لاکھ ہیں۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا کے وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اسد قیصر میرے بڑے ہیں اس وجہ سے ان کے ساتھ آیا ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ ادارے مضبوط ہوں۔