لاہور(صباح نیوز)فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اے سی سی ٹی 20 ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈی پینڈنٹ اسپیشلسٹس نے تازہ ترین اسکینز اور رپورٹس کی روشنی میں کرکٹر کو آرام کرنے کی تجویز دی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کو 4 سے 6 ہفتے آرام کی تجویز کی گئی ہے۔ممکنہ طور پر شاہین آفریدی کی نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں ہونے والی سہہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کرکٹ میں واپسی ہو گی۔
ایسی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے لیے شاہین آفریدی کے متبادل کا اعلان جلد کردیا جائے گا،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی سے بات کی ہے اور وہ یہ خبر سن کر اپ سیٹ ہیں۔انہوں نے کہا وہ ایک بہادر نوجوان ہیں، وہ جلد بھرپور انداز سے کرکٹ میں واپس آئیں گے اور ملک کی نمائندگی کریں گے۔
ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے روٹرڈیم میں ری ہیب کے دوران بہتری دکھائی ہے اس کے باوجود انہیں مزید بہتری کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔واضح رہے کہ شاہین آفریدی گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے لیے پیر کو روٹرڈیم سے دبئی روانہ ہوگی۔