خرم پرویز کی گرفتاری پر اقوام متحدہ اور ہیومن رائٹس کو جاگنا ہوگا ، ڈاکٹر خالد محمود


راولاکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ خرم پرویز کی گرفتاری پر اقوام متحدہ اور ہیومن رائٹس کو جاگنا ہوگا ، ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے عوام پرمظالم کے پہاڑ توڑرہا ہے کالے قوانین کی آڑ میں کشمیریوں کو گرفتار کر کے جعلی مقابلوں میں شہید کررہا ہے ،گمنام قبروں کے آئے روز انکشافات ہورہے ہیں۔

عالمی برادری کی خاموشی سے شے پا کر ہندوستان مظالم کی انتہا کررہا ہے قائدین حریت،وکلائ،صحافیوں اور انسانی حقوق کے راہنمائوں پر این آئی اے کے تحت جعلی مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کر کے انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں ،موسم سرما میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو گائوں کے گائوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کے نام پر کشمیریوں کے مال واسباب کو لوٹا جارہا ہے گھروں کو مسمار کیا جارہا ہے اور اشیاء خوردونوش سمیت گھر کی قیمتی چیزوں کو توڑ پھوڑ یا ساتھ لے جاتے ہیںاقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بڑا انسانی المیہ رونماہوسکتا ہے ۔

اقوام متحدہ،ہیومن رائٹس،انسانی حقوق کی تنظیمیں ،او آئی سی ہندوستان کے اقدامات کو رکوانے کے لیے اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ،دریں اثناء ڈاکٹر خالد محمود خان نے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع حویلی مولانا مظفر بخاری مرحوم کے گھر فاروڈکہوٹہ اور سفیان سعید رکن اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے گھر دریک راولاکوٹ میں جاکر اظہار تعزیت کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر اپنے چارٹر کے چیپٹر7کے مطابق ہندوستان کے خلاف کارروائی کرے ،جنوبی سوڈان اور مشرقی تیمور میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہوسکتا ہے تو جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ دوہرا معیار کیوں ہے ،کشمیریوں کو مسلمان ہونے کی سزاد ی جارہی ہے حکومت پاکستان ہندوستان کے مکروہ عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے ۔

گلبھوشن جو ہندوستان کا جاسوس ہے اسے تختہ دار پر لٹکایا جائے اور بین الاقوامی برادری کو مجبور کیا جائے کہ وہ ہندوستان کا سیاسی ،سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کرے ،ڈاکٹر خالد محمود خان کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کی تکمیل بقاء اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں اور عالمی برادری کی مداخلت پر کشمیریوں نے ہتھیار رکھے تھے ڈالے نہیں تھے عالمی براردی جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ سے بچانے اور دنیا کے امن کو قائم رکھنے کے لیے اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ۔