سرینگر:مقبوضہ کشمیر میںقابض بھارتی فوج کے کریک ڈاون اور نوجوانوں کی گرفتاریاں جاری ہیں، تازہ چھاپوں کے دوران نصف درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ضلع پلوامہ میں گھروں پر چھاپوں کے دوران چار کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔
کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فوج نے وادی کے طول و عرض میں کریک ڈاون اور گرفتاریوں کا جو نیا سلسلہ شروع کررکھا وہ جاری ہے اس دوران کئی افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ، بھارتی پولیس نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کے دوران ضلع کے علاقے لیلہار اور بیج بہاڑہ سے 4نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔
گرفتار کئے گئے نوجوانوں کی شناخت بشمول اعجاز احمد، نصیر احمد اور شوکت احمد کے طورپر ہوئی ہے، دریں اثناء بھارتی فوج نے سرینگر کے بہوری کدل میں 3 نوجوانوںکو گرفتار کرلیا ہے ، دوسری طرف آرونی بجبہاڑہ پل پر معمول کی چیکنگ کے دوران ایک گاڑی کی تلاشی لی گئی اور ایک پستول بر آمد کرنے کا دعوی کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور گاڑی سمیت جائے موقع سے فرار ہوگیا تاہم گاڑی میں سوار ایک اور شخص کو حراست میں لیا گیا ۔
گرفتار شخص سے پوچھ گچھ کی جاری ہے ،اسلا م آباد کے کوکرناگ علاقے میں ایک شخص کی لاش پر اسرار حالت میں بر آمد کی گئی ۔45 سالہ غلام محمد وگے ولد محمد شعبان وگے ساکنہ شانگرن ڈورو کی لاش آبائی گائوں سے چند کلو میٹر دور وئے بمڈورہ کے نزدیک جنگلی علاقہ سے بر آمد کی گئی ۔لاش کی خبر پھیلتے ہی بمڈورہ کے آس پاس خوف وہراس پھیل گیا ۔