کراچی ،پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم پھٹ گیا ،2اہلکار جاں بحق ، سب انسپکٹرسمیت2زخمی


کراچی (صباح نیوز)کراچی پولیس کے گارڈن ہیڈکوارٹرز کے اسلحہ خانہ میں رکھا دستی بم اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور سب انسپکٹرسمیت2 شدید زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں میں کانسٹیبل صابر اور شہزاد شامل ہیں۔ ایس ایس پی سٹی عمران کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا یہ رکھا ہوادستی بم خودبخود کیسے پھٹ گیاجبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ۔زخمی ہونے والوں میں اسلحہ خانہ کا انچارج سب انسپکٹرسعید اورعلی گوہر شامل ہیں۔

جاں بحق پولیس اہلکاروں کی نعشوںکو پوسٹمارٹم اور زخمی اہلکاروں کو علا ج کے لئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا، دونوں زخمی اہلکاروں کی حالت تشویش ناک ہے ۔