ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال ہیلتھ منسٹری،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے سموک فری ادارہ قرار


اسلا م آباد(صباح نیوز)ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کو وزارت صحت حکومت پاکستان کی جانب سے گذشتہ روز ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں تمباکو نوشی سے پاک ہسپتال قراردیا گیا۔

اس موقع پر اسلام آباد انتظامیہ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کے اعلی عہدادارانکی موجودگی میں سموک فری ہسپتال کی تختی کی نقاب کشائی کی گئی

،ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کرنل (ر) ڈاکٹر غلام مجتبی عباسی اور ڈائریکٹر ہسپتال ڈاکٹر عریج نیازی کی قیادت میں ہسپتال انتظامیہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب کے شرکا ء کو ہسپتال کا دورہ کروایا گیا جہاں انہوں نے ہسپتال کی معیاری سہولیات کا مشاہدہ کیا اور بہترین شفا یابی کے ماحول کو سراہا۔

یاسر خان نیازی،اے این ٹی ایچ کے منیجنگ ڈائریکٹر،نے ہسپتال کو سموک فری کیپٹل پروجیکٹ کا حصہ بنانے پر وزارت صحت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سیٹ اپ میں صحت مند اور تمباکو نوشی سے پاک ماحول ضروری ہے اور مزید کہا کہ ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اس پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے وزارت صحت، اسلام آباد انتظامیہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اور ڈبلیو ایچ او کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزارت صحت کی ڈائریکٹر ٹوبیکو کنٹرول ڈاکٹر ثمرہ مظہر نے بتایا کہ وزارت اسلام آباد میں تمباکو نوشی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ڈاکٹر اکبر نیازی ہسپتال جیسی تنظیموں کا تعاون قابل قدر ہے۔اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد و فوکل پرسن برائے تمباکو کنٹرول شہریار عارف خان؛

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ممنہاج السراج نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو تمباکو نوشی سے پاک کرکے عوام کے لئے محفوظ بنانا ہماری ا جتماعی اخلاقی ذمہ داری اور قانونی فرض ہے۔

انہوں نے اظہار کیا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو تمباکو کے استعمال جیسے غیر صحت بخش رویوں میں ملوث ہونے سے بچانے کے لیے ایسے اقدامات اشد ضروری ہیں۔ڈاکٹر منہاج السراج نے اپنی پریزنٹیشن میں تمباکو کے استعمال سے متعلق اعداد و شمار پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں آتا ہے جہاں تمباکو کے استعمال سے بہت بڑی تعداد میں بیماریاںجنم لے رہی ہیں۔

عمران علی غوری ، ہسپتال کے کمیونیکیشنز کے شعبہ کے سربراہ، نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال، وزارت صحت اور ڈبلیو ایچ او نے سموک فری کیپٹل پروجیکٹ پر مستقل بنیادوں پر مل کر کام کرنے کیلئے پر عظم ہیں اور اس سلسلے میں معاہدہ کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا ہے۔