ثمینہ بیگ کے ٹوسر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہِ پیما بن گئیں،وزیراعظم کی مبارکباد


اسلام آباد (صباح نیوز)ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہِ پیما بن گئیں،وزیراعظم شہباز شریف نے کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ نے سر کر لیا۔ثمینہ بیگ کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئیں۔8611 میٹر بلند کے ٹو دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے، جسے جمعہ کی صبح 7 بج کر 42 منٹ پر ثمینہ بیگ نے سر کیا۔

اس سے قبل ثمینہ بیگ نے 2013 میں ماؤنٹ ایوریسٹ کو سر کیا تھا۔

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ٹوئٹرپرجاری بیان میں کہا کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی “کےٹو” سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہل خانہ کو کامیابی پر مبارک پیش کرتا ہوں۔

ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں  ثمینہ بیگ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں سے پیچھے نہیں۔ امید ہے ثمینہ بیگ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔

دریں اثناء دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو پر غیر ملکی کوہِ پیماؤں کی پیش قدمیاں جاری ہیں،ایرانی اور سعودی سمیت5 غیر ملکی خواتین کوہِ پیماؤں نے بھی کے ٹو  سر کر لیا، افسانے حسامی فرد کے ٹو سر کرنے والی پہلی ایرانی کوہ پیما بن گئیں۔

افسانے حسامی فرد نے جمعہ کوصبح 6 بج کر 45 منٹ پر کے ٹو سر کیا ہے۔ سعودی عرب کی نیلی عطار نے بھی کے ٹو سر کر لیا، نیلی کے ٹو سر کرنے والی پہلی عرب خاتون ہیں۔ ناروے کی کرسٹن ہریلا بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہو گئیں، انہوں نے 3 ماہ میں آٹھویں ایٹ تھاوزنڈر کو سر کیا ہے۔ کرسٹن ہریلا 6 ماہ کے اندر تمام 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنا چاہتی ہیں۔

ادھر امریکی خاتون کوہ پیما کرسٹن بینیٹ اور کینیڈا کی لیلیا آئیوا نووسکیا نے بھی کے ٹو سر کر لیا۔ ناروے کے فرینک لوک بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسری جانب نیپال سے تعلق رکھنے والے 7 ماؤنٹین گائیڈز بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

 پاکستانی خاتون ثمینہ بیگ اور نائلہ کو دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سرکرنے پر زبردست مبارکباد پیش کرتے ہوئے  وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت  بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کے ٹو سر کرنے کے اس شاندار کارنامے سے ثمینہ بیگ اور ان کی ٹیم نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ثمینہ بیگ نے کے ٹو سرکرنے والی پہلی خاتون کا بھی اعزاز حاصل کر لیا ہے جس پر پوری پاکستانی قوم کو ان پر فخر ہے۔

مشیر امو ر کشمیر نے کہا کہ پاکستانی خواتین نے تعلیم،صحت،سائنس  اور سپورٹس سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی صورت میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ثمینہ بیگ اور نائلہ نے کے ٹو سرکرکے پاکستان کی دیگر خواتین کے لیے ہمت اور عزم کی وہ شاندار مثال قائم کی ہے کہ جس پر چل کر خواتین دنیا کا مشکل ترین کام سر انجام دے سکتی ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے گلگت بلتستان کے کوہ پیماں کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوہ پیمائی کے حوالے سے دنیا میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کا ایک منفرد انتہائی اہم مقام ہے او ر گلگت بلتستان کی سرزمین نے دنیا کے کئی مایہ نازکوہ پیما پیدا کیے ہیں۔

انہوں نے شہید کوہ پیماں کی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے ان کوہ پیماں نے اپنی جانوں کا نذرانہ تک پیش کیا ہے جس پر پوری پاکستانی قوم گلگت بلتستان کے ان بیٹوں کو اپنا سلام پیش کرتی ہے۔

رنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بھی کے ٹو پہاڑ سر کرنے والی پاکستان کی پہلی کوہ پیما خاتون ثمینہ بیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین ملک کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ثمینہ بیگ جیسی باصلاحیت خواتین پر قوم کو فخر ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ کی ترقی کے لیے خواتین کی حوصلہ افزائی اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا بہت ضروری ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق دور حکومت میں پہلی خواتین کی یونیورسٹی بنائی گئی ۔اس کے بعد مزید خواتین کی یونیورسٹیاں بنائی گئیں تاکہ جن بچیوں کے والدین مخلوط تعلیمی اداروں میں اپنی بچیوں کو تعلیم حاصل نہیں کرنے دیتے تھے وہ ویمن یونیورسٹیوں میں اپنی بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ ہونے دیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ سابق دور حکومت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ویمن ان ویلز کا پروجیکٹ شروع کیا گیا جس کو دوبارہ بہتر انداز میں شروع کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیریں مزاری نے کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہِ پیما ثمینہ بیگ کو مبارکباد دی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی وسابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کے ٹوسر کرنا خواتین کی طرف سے ایک بار پھر ایک عظیم کارنامہ ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ موقع ملنے پر ہماری خواتین بلندیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے سر کرتی ہیں، نائلہ اور ثمینہ ہمارا فخر ہے۔