توڑ پھوڑ کیس ،پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 27 جولائی تک توسیع


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے لاانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کیس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 27 جولائی تک توسیع کردی۔

منگل کو لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، عندلیب عباس،میاں محمود الرشید، عمیر خان نیازی، جمشید اقبال چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ اوردیگرعدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید ،میاں اسلم اقبال، زبیر نیازی، ندیم عباس بارا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس دانستہ طور پر ملزمان کو شامل تفتیش نہیں کر رہی، ملزمان شامل تفتیش ہونے کیلئے جاتے ہیں تو تفتیشی موجود نہیں ہوتا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 27 جولائی تک توسیع کردی۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر لانگ مارچ میں توڑ پھوڑکرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس پر تشدد کے الزامات پرمقدمہ درج کیا گیا ۔