سراج الحق کل ”قومی مشاورت” کی صدارت کریں گے


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق منگل کو ملک کو درپیش معاشی بحران کے نتیجے میں پیدا ہونے  والی صورت حال اور حل کے لیے ”قومی مشاورت” کی صدارت کریں گے۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور کے مقامی ہوٹل میں منگل کو ہونے والی ”قومی مشاورت” سے ملک کے نامور ماہرین معیشت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔ شرکا میں سینیٹر مشاہد حسین سید، سابق مشیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون، چیئرمین پلڈاٹ احمد بلال محبوب، ماہر معیشت ڈاکٹر اشفاق رحمان خان، معروف صحافی و تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی و دیگر شامل ہیں۔

قومی مشاورت سے نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور دیگر قائدین جماعت اسلامی بھی خطاب کریں گے۔قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قبل ازیں اسلام آباد میں بھی معیشت پر ”قومی مشاورت” کا اہتمام کیا تھا۔ جماعت اسلامی ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کاوشیں جاری رکھے گی۔ ہمارا مقصد سود سے پاک، کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان کی تشکیل ہے۔