ضمنی انتخاب میں جماعتِ اسلامی اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں جماعتِ اسلامی اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے اور تمام 20 حلقہ جات میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن اور آزاد امیدواروں کی جیت پر مبارکباد دیتے ہیں۔ اللہ کرے کہ اب یہ نتائج پنجاب اور مجموعی طور پر پورے ملک میں سیاسی، جمہوری استحکام کا ذریعہ بن جائیں۔

لیاقت بلوچ نے لاہور، فیصل آباد، بھکر، راولپنڈی، شیخوپورہ، ملتان کے ضمنی انتخاب، صوبائی حلقہ جات کے امیدواران اور جماعت قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی محاذ پر کشیدگی، تلخیاں، ہوسِ اقتدار اور کشمکش ٹھہرا اور سکون پیدا نہیں ہونے دے گی  جس کا لازمی نتیجہ قبل از وقت انتخابات ہی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ہر طرح کے دبا کے باوجود انتخابات کے انعقاد میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن انتخابی اخراجات کے بے دریغ استعمال کو روکنے میں الیکشن کمیشن ناکام رہا۔ چند حلقوں کو سٹیٹ کیس بناکر انتخابی اخراجات کا مکمل اور شفاف پرفارمنس آڈٹ کرایا جائے توممکن ہے کوئی سدباب ہوسکے، وگرنہ مال و دولت کے بے دریغ استعمال سے سیاسی، جمہوری، پارلیمانی پائیدار نہیں آئے گی۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں نتائج جماعتِ اسلامی کے لیے غیرمتوقع نہیں۔ جماعتِ اسلامی کی جدوجہد، منشور، کارکردگی اور ترازو نشان پر بااعتماد آغاز ہے۔ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا جائے اور بالکل قریب آتے عام انتخابات میں ترازو نشان پر ووٹ بنک بڑھانے کے لیے کارکنان زبردست جدوجہد کریں گے۔ یہ امر بالکل واضح ہے کہ انتخابی نظام مخصوص طرزِ فکر کا یرغمال بنا ہوا ہے۔ زہریلی پولرائزیشن ملک و ملت کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ اسلامی نظریاتی، رفاع و فلاح اور میرٹ کی بنیاد پر عوام کا آزادانہ فیصلہ ہی عوام کی خوشحالی کا ذریعہ بنے گا۔ جماعتِ اسلامی عزمِ نو سے آئندہ انتخابات کی تیاری کرے گی۔ ہمارا طریقہ کار اور یقین ہے کہ پرامن، دیانت دار سیاسی، آئینی، انتخا بی جدوجہد ہی بابرکت اسلامی انقلاب کا پائیدار ذریعہ ہے۔