الیکشن کمیشن کی غیر جانب داری سے عمران نیازی جھوٹے ثابت ہوگئے،حافظ حمد اللہ


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ جن نشستوں پر (ن) لیگ کو شکست ہوئی ہے یہ وہی نشستیں ہیں جو 2018 میں پی ٹی آئی جیت چکی تھی۔انتخابات میں پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی کو شکست دی انکے سابقہ کھلاڑیوں کو حالیہ کھلاڑیوں کے ہاتھوں شکست ہوئی۔دوسری بات یہ کہ پی ٹی آئی نے 20 نشستوں میں سے پانچ ہاری توخوشی اور مبارکباد کس بات کی؟

ان خیالات کا اظہار حافظ حمد اللہ نے سوموار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ ( ن) لیگ کی پنڈی نشست کی جیت پی ٹی آئی کی15جیتی ہوئی نشستوں پر بھاری ہے۔ الیکشن کمیشن کی غیر جانب داری سے عمران نیازی جھوٹے ثابت ہوگئے۔دھاندلی کا شور شرابہ کرنے والوں کو اخلاقی شکست ہوئی۔عمران نیازی کو چاہئیے کہ قومی اداروں پر بے جاتنقید اور جھوٹے الزامات سے گریز کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ضمنی الیکشن کے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا ہے۔ہمیں امید ہے کہ کل الیکشن کمیشن کے ممنوعہ فارن فنڈنگ کے فیصلے کو بھی قبول کریں گے۔ بد تمیزی بد کلامی جھوٹ اور فساد کی سیاست پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے۔خامیوں اور برائیوں کے حامل پارٹی کی جیت ملک اور قوم کے مستقبل کیلئے نیک شگون نہیں ہے۔