وہاڑی، نجی بنک میں خوفناک آتشزدگی، ملحقہ د کانوں کوبھی لپیٹ میں لے لیا


وہاڑی(صباح نیوز)وہاڑی بازار میں واقع نجی بنک میں خوفناک آتشزدگی،آگ نے بنک اور ملحقہ د کانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،بنک عملہ نے دوڑ کر جانیں بچائیں،بنک کا قیمتی فرنیچر،کمپیوٹرز اور دیگر ریکارڈ بری طرح جل گیا،ملحقہ دکانوں کو بھی نقصان،ریسکیو عملہ نے ڈیڑھ گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا،آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی،نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وہاڑی بازار میں واقع نجی بنک(بنک الحبیب)میں اس وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی جب عملہ معمول کے کام میں مصروف تھا اور کھاتہ دار بھی بنک میں موجود تھے بنک عملہ اور کھاتہ داروں میں فوری طور پر بنک سے باہر بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں ریسکیو 1222 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا

آگ نے ناصرف بنک بلکہ ملحقہ دوکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا بنک کی بلڈنگ میں دھواں اتنا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا آگ لگنے سے دھویں کے بادل دور دور تک دیکھے جارہے تھے آتشزدگی سے بنک میں کروڑوں روپے کیش،فرنیچر،کمپیوٹرز اور اے ٹی ایم مشین کو بھی شدید نقصان پہنچا تاحال نقصان کا تخمینہ نہیں لگایا جا سکا اور آگ لگنے کی وجہ بھی معلوم نہ ہوسکی ریسکیو فائر ٹینڈرز نے ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔