عوام پر مسلط حکمران چہرے اور جھنڈے بدل بدل کر عوام کو دھوکا دیتے ہیں، امیرالعظیم


 فیصل آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ 22 کروڑ عوام کے ایٹمی پاکستان کو آئی ایم ایف اور امریکا کی غلامی میں دینے والے کوئی اور نہیں اس ملک کے حکمران ہیں ، ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شراکت کے مترادف ہے۔ پاکستان مزید ان لوگوں کا متحمل نہیں ہو سکتا جنھوں نے اسے تباہ و برباد کیا۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو باوقار اسلامی فلاحی پاکستان دینا ہے۔ عوام 17جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں۔عوام پر مسلط حکمران چہرے اور جھنڈے بدل بدل کر لوگوں کو دھوکا دیتے ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ قوم مزید ان کے دھوکے میں نہ آئے ، ملک اسلام کے نام پر بنا، مگر 75برسوں میں ایک سازش کے تحت عوام کو اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ وہ پی پی97کے ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی کے نامزدامیدوارعلی احمد گورایہ کے ہمراہ جنڈنوالہ میں ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔

امیرالعظیم نے کہا کہ  جماعت اسلامی کے اقتدارمیں آنے کی صورت میںترقی و خوشحالی ،قوم کی سودی نظام سے جان چھڑا کر ملک میں اسلامی معیشت کا ماڈل نافذکرنے سمیت اہم اقدامات اوراصلاحات کرے گی۔اُن کاکہناتھاکہ تھانہ، کچہری میں لوگوں کو انصاف کی بروقت فراہمی ممکن بنائیں گے۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں کو جدید خطوط پراستوار کریں گے۔ تعلیمی اداروں میں اسلامی اصولوں کے مطابق جدید نصاب رائج کیا جائے گا۔ تعلیم کو سستا کریں گے اور بے روزگاروں کو روزگار دیں گے۔ زرعی گریجوایٹس کو زراعت کے لیے سرکاری اراضی دی جائے گی۔ ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوں گے۔ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ اور معیشت کو زکوٰة و عُشر سے مضبوط کریں گے۔ جلسہ سے ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماںبٹ،تحصیل جھمرہ کے امیرچوہدری یٰسین کاہلوں،جے آئی یوتھ کے صدرچوہدری عمرفاروق گجر،میاں اعجازحسین،تنویرانجم پنسوتہ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرزونل امیر ڈاکٹرمحمدنثار،راناسکندراعظم،سیاسی کمیٹی کے صدرمیاںطاہرایوب،جاویدانجم پنسوتہ،اشفاق منج اوراہل علاقہ کی کثیر تعدادجلسہ گاہ میں موجودتھی ۔