مظفرآباد(صباح نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویرالیاس خان نے کہا ہے کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان جیسے لوگ قوموں میں صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں ۔ایسے انقلابی اور بہادر لوگ ہی قوموں کو مشکلات کے بھنور سے نکالتے ہیں۔
سردار محمدعبدالقیوم خان کی برسی کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ مجاہد اول نے جوانی میں ہی مزاحمت ،جدوجہد اور کشمکش کا راستہ اپنایا اور وقت کے استعمار ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کو منظم کیا۔ انہوں نے کئی برس تک محاذ جنگ پر باقاعدہ طور پر اپنی بہادر ی اور بہترین حکمت کاری کے جوہر دکھائے۔ میدان سیاست میں بھی انہوں نے تاریخی کارنامے سرانجام دیے۔
سردار تنویرالیاس خان نے کہا کہ مجاہد اول نے سیاست کو عبادت سے تشبیہ دے کر اس کام کی عزت وتوقیر میں اضافہ کیا۔ وہ تحریک آزادی ،نظریہ الحاق پاکستان اور اسلام کے سچے داعی تھے ۔اور آخری دم تک اپنے نظریات پر قائم رہے۔ تحریک آزادی کے ساتھ ان کی وابستگی لازوال تھی حکومت نئی نسل کو مجاہد اول اور دوسرے مشاہیر کے کردار اور کارناموں سے آگاہ کرنے کیلئے ہر ممکن طور پراپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
خیال رہے کہ آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے سابق سپریم ہیڈ سابق صدر آزادکشمیر وسابق وزیراعظم آزادکشمیر اور قومی کشمیرکمیٹی کے سابق چیئرمین سردارعبدالقیوم خان کی 7ویں برسی کل غازی آباد میں عقیدت واحترام سے منائی جائے گی ،انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ضلع باغ میں آج عام تعطیل ہوگی اور تمام سرگرمیاں معطل رہیں گی۔آزادکشمیر بھر اور پاکستان میں بسنے والے مقیم کشمیری اور بیرون ملک بسنے والے کشمیری آج مجاہد اول کی ساتویں برسی کے موقع پر دعائیہ تقریبات کا انعقاد کررہے۔آزادکشمیر حکومت نے سرکاری طور پر مجاہداول کی برسی منانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام مجاہد اول کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا ہے
یاد رہے کہ مجاہد اول سردارمحمدعبدالقیوم خان کی برسی ہرسال 10جولائی کو منائی جاتی تھی اس سال10جولائی عیدالاضحیٰ کی وجہ سے 16جولائی کو منائی جارہی ہے جس میں ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی اور بعدازاں لنگر کااہتمام کیاگیاہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردارتنویرالیاس خان کی ہدایت پر مجاہد اول کی برسی سرکاری طور پرمنائی جائے گی جس میں ان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی سیمینار منعقد کیے جائیں گے۔