عمران انتشار کے خواہشمند، ضمنی الیکشن میں تمام 20 نشستیں جیتیں گے،حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران انتشار کے خواہشمند، ضمنی الیکشن میں تمام 20 نشستیں جیتیں گے، سترہ جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے والا ہے، پتا چل جائے گا، کس کس نے منی لانڈرنگ کی،مجھے کسی کی شکل سے کوئی مسئلہ نہیں ہے،  ہم نے اس صوبے کو سنوارنا ہے،اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر محنت کریں گے، کامیابی ملے گی، تمام جماعتوں کو مل کر ذمہ داری ادا کرنی ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔و زیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے پہنچے تو پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر نے ضمنی انتخابات کے دوران انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے عید پر صفائی کے انتظامات پر متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے سینٹری ورکرز کیلئے ایک بنیادی اضافی تنخواہ کا اعلان کیا۔  چیئرمین تحریک انصاف کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار کے خواہشمند ہیں، ہم جھوٹے وعدے نہیں کریں گے، ملکی مفادات کیلئے سیاسی مفادات کو داو پر لگا دیا، قربانی دینے والے عوام کو اب ریلیف ملے گا، کوئی ایک جماعت کایا نہیں پلٹ سکتی، سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، اگر ہم ناکام ہوئے تو پاکستان ناکام ہوگا۔ ضمنی الیکشن میں تمام 20 نشستیں حاصل کریں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ 2 ماہ کابینہ کے بغیر گزارا کیا لیکن صوبے کو 200 ارب روپے کی سبسڈی دی،ہم نے 200 ارب روپے کی سبسڈی دے کر آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار مفت بجلی دینے کا اعلان کیا۔ وسیم اکرم پلس کے نام پر اس صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، ہم عمران خان کی طرح انتقامی سیاست نہیں کریں گے۔  پارٹی مجھے اجازت دیتی تو میں بھی مستعفی ہو کر مہم چلاتا، عمران خان نے پہلے 6 ماہ مانگے لیکن کچھ نہیں کیا، مجھے کسی کی شکل سے کوئی مسئلہ نہیں ہے،  ہم نے اس صوبے کو سنوارنا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، 4 سال تک اس صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، یہ آج بغیر کسی ثبوت کے دھاندلی کا الزام لگا رہے ہیں، ڈسکہ میں انہوں نے جو کچھ کیا سب نے دیکھا، ہمارا اتحاد سیاسی نہیں، ملکی مفاد کیلئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ابھی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنا ہے، عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کر کے لوگوں کو بے روز گار کیا، ہم عمران خان کی طرح انتقامی سیاست نہیں کریں گے، 17 جولائی کو ہمارے اتحاد کو عوام میں پذیرائی حاصل ہو گی۔  وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں سستی ہوئی ہیں، عوام کو یہ ریلیف ملنا چاہیے، ہم صوبے کے عوام اور اللہ کو جوابدہ ہیں، میں عمران خان کی باتوں کا جواب ان کی زبان میں نہیں دے سکتا۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود کا کہنا تھا کہ سترہ جولائی کے ضمنی الیکشن میں اپنا لائحہ عمل بنانے کیلئے حمزہ شہباز سے ملاقات ہوئی ہے انتخابات سے اچھے نتائج ملیں گے۔