آمدن سے زائد اثاثے،نیب نے فرح گوگی کو 20 جولائی کو طلب کرلیا، نوٹس جاری


لاہور(صباح نیوز)منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثے ،نیب نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کو 20 جولائی کو طلب کرلیا ہے اور اس حوالے سے فرح گوگی کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ سرکاری فیس کی ادائیگی میں کروڑوں روپے کے مبینہ غبن کیس میں اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو 15 جون کو طلب کر لیا۔

منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی جانب سے جاری ہونے والا نوٹس فرح گوگی کی رہائش گاہ 99 وائی بلاک ڈی ایچ اے لاہور میں بھجوایا گیا جو فرح خان کے ملازم نے وصول کیا ہے۔ یہ وہی گھر ہے جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کا نکاح ہوا تھا۔نیب نے فرح گوگی کو پہلی بار نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے پاس تمام معلومات ہیں، آپ تمام دستاویزات کے ساتھ کسی مرد کے ہمراہ 20 جولائی کونیب آفس میں پیش ہوں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فرح گوگی کے خلاف کیس میں یہ اہم پیشرفت ہے کیوں کہ گزشتہ دو سے 3 ماہ میں تمام متعلقہ اداروں ایس ای سی پی، ایف بی آر اور پنجاب لینڈ اتھارٹی نے تحقیقات کیںاور فراہم ہونے والی تمام دستاویزات و ریکارڈ کی چھان بین کے بعد ہی یہ نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔

نیب لاہور نے فرح خان کے 8 مبینہ بزنس پارٹنرز کو بھی آج اور کل کے لئے طلبی نوٹس جاری کئے اور مجموعی طور پر 20 افراد کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب نے عبدالمجید، طارق محمود الحسن، مظاہر بیگ، منیر،آصف اور وقار کوفرح شہزادی کیس میں 15 جولائی کو نیب لاہور میں طلب کیا ہے جبکہ محمد فرید کو 14 جولائی کو پیش ہونے کے احکامات دیے گئے۔اسی کیس میں شاندانہ اعوان، محمد نعیم، وقاص رفعت، ساجد حسین، احمد منصور، اسد مجید ، حامد حمید، شہزاد احمد، انوار الحق اور ناصر نوازکو بھی طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سرکاری فیس کی ادائیگی میں کروڑوں روپے کے مبینہ غبن کیس میں اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو 15 جون کو طلب کر لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی ہاوسنگ سوسائٹی کو زمین فروخت کی گئی، اور اس زمین کی سرکاری فیس کی ادائیگی میں خوردبرد کی گئی، اور شیخ رشید کو اس معاملے کی تحقیقات کے لئے اینٹی کرپشن پنجاب نے طلب کیا ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے طلبی نوٹس میں شیخ رشید کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل ریکارڈ کے ساتھ اینٹی کرپشن ہیڈ آفس لاہور میں پیش ہوں۔  اسی معاملے کی تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن پنجاب نے نجی ہاوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کو بھی طلب کرلیا ہے۔